اسلام آباد (جیوڈیسک) پاناما جے آئی ٹی کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گئے، منگل کو حسین نواز اور بدھ کو مریم نواز کی پیشی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی کا ہنگامہ خیز فیصلہ کن راؤنڈ شروع ہوگیا، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پہلی بار جے آئی ٹی کے رو برو پیش ہو گئے، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور انوشے رحمان بھی ہمراہ ہیں۔
اس موقع پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد جوڈیشل اکیڈمی کے باہر موجود ہے، اسحاق ڈار نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔
جے آئی ٹی نے وزیر اعظم کے دوسرے صاحبزادے حسین نواز کو منگل جبکہ صاحبزادی مریم نواز کو بدھ کے روز طلب کر رکھا ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف کے کزن طارق شفیع نے جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوکر سوالات کے جواب دیئے۔
اب تک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سپریم کورٹ میں اپنی تین کارکردگی رپورٹس جمع کرا چکی ہے۔ 10 جولائی کو حتمی رپورٹ سپریم کورٹ کے تین رکنی عملدرآمد بینچ کو پیش کرے گی۔