مالی سال کے پہلے تین ماہ، خام تیل کی اوسط پیداوار میں 8 فیصد کمی

Oil

Oil

کراچی (جیوڈیسک) رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران خام تیل کی یومیہ اوسط پیداوار میں 8 فیصد کمی جبکہ ایل پی جی کی پیداوار میں 12 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خام تیل کی یومیہ پیداوار جولائی تا ستمبر 2015 کے دوران یومیہ 84 ہزار 600 بیرل کی سطح پر دیکھی گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے 8 فیصد کم ہے۔ انڈسٹری ماہرین کے مطابق کوہاٹ ڈسٹرکٹ میں واقع ٹل بلاک مرمتی کام کے باعث 20 روز بند رہنے سے خام تیل کی پیداوار متاثر ہوئی مقامی تیل کی پیداوار مین ٹل بلاک کا حصہ 20 فیصد ہے۔

اس کے علاوہ گیس کی پیداوار 4٫2 ارب مکعب فٹ یومیہ پر مستحکم دیکھی گئی ۔ مقامی سطح پر ایل پی جی کی سپلائی میں 3 ماہ کے دوران بہتری واقع ہوئی اور یہ گزشتہ سال کے مقابلے 12 فیصد اضافے سے یومیہ 1400 ٹن کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں گراوٹ کے باعث دنیا بھر میں تیل کو زمین سے نکالنے کی لاگت میں بھی کمی آئی ہے ۔ حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی کمپنیوں کے تعاون سے تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کا کام مزید تیز کرس کتی ہے۔