مالی سال 14-2013؛ غیر ملکی سرمایہ کاری 4 ارب 37 کروڑ 73 لاکھ ڈالر پر پہنچ گئی

Dollars

Dollars

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 176.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2013 تا جون 2014 کے دوران ملک میں مجموعی طور پر 4 ارب 37 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جو مالی سال 2012-13 میں کی جانے والی 1ارب 58 کروڑ 6 لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 2 ارب 79 کروڑ 67 لاکھ ڈالر (176.9 فیصد) زائد ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی غیر ملکی نجی سرمایہ کاری 43.5 فیصد کے اضافے سے 2 ارب 26 کروڑ 22 لاکھ ڈالر رہی جس میں 1 ارب 63 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری شامل ہے۔

گزشتہ مالی سال کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 12 فیصد زائد رہی، مالی سال 2012-13 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 1 ارب 45 کروڑ 65 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، اس دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری 427.8 فیصد کے اضافے سے 63 کروڑ 9 لاکھ ڈالر رہی، سال 2012-13 کے دوران 11 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، یورو بانڈز کے اجرا کے سبب فارن پبلک انویسٹمنٹ 2 ارب 11 کروڑ 52 لاکھ ڈالر رہی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون 2014 کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 59 کروڑ 15 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ ماہ فارن پرائیویٹ انویسٹمنٹ 59 کروڑ 91 لاکھ ڈالر رہی جبکہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 18 کروڑ 86 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری 41 کروڑ 6 لاکھ ڈالر رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال سب سے زیادہ 58 کروڑ 33 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کمیونی کیشن سیکٹر میں کی گئی جس میں سے 56 کروڑ 81 لاکھ ڈالر ٹیلی کام سیکٹر میں انویسٹ کیے گئے، تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری 46۔ کروڑ 51 لاکھ ڈالر رہی۔

فنانشل بزنس میں غیرملکی سرمایہ کاری 15 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہی، فوڈ سیکٹر میں 8 کروڑ 74 لاکھ ڈالر، کیمیکلز کے شعبے میں 8 کروڑ 84لاکھ ڈالر، ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 2 کروڑ 95 لاکھ ڈالر اور پاور سیکٹر میں 4 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔