کراچی (جیوڈیسک) رواں مالی سال 2013-14 کے 11 ماہ جولائی تا مئی کے دوران درآمدات پر کنٹرول اور برآمدات میں اضافے کے نتیجے میں ملکی تجارتی خسارے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گز شتہ مالی سال 2012-13 کے جولائی سے مئی کے دوران ملکی برآمدات میں 3.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ملکی برآمدات جولائی 2013 تا مئی 2014 کے دوران 22 ارب 28 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر کے 23 ارب 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ اس عرصے کے دوران درآمدات 41 ارب ایک کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 40 ارب 77 کروڑ ڈالر ہو گئیں۔
اس عرصے میں درآمدات میں 0.57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے سے ملکی تجارتی خسارہ 17 ارب 66 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 18 ارب 72 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا اس طرح گزشتہ سال کے مقابلےمیں رواں مالی سال کے 11 ماہ جولائی 2013 تا مئی 2014 کے دوران تجاری خسارہ 5.66 فیصد کم رہا۔