اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر تبادلہ خیال کیا گیا، میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ فوج سمیت تمام اداروں کا مربوط انداز میں کام کرنا باعث اطمینان ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب اور آئی ڈی پیز سے متعلق آگاہ کیا۔
دونوں شخصیات نے وزیرستان کے متاثرین کے جذبہ قربانی کو سراہا، جنرل راحیل شریف نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق آپریشن پر عمل درآمد جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے لیے جامع منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، آپریشن کی تکمیل کے بعد متاثرین کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی مہارت کی وجہ سے عوام کا نقصان نہیں ہورہا، وزیراعظم نے فوج سمیت تمام اداروں کے مربوط انداز میں کام کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔