فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

Dr. Firdous Ashiq Awan

Dr. Firdous Ashiq Awan

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے والی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق فردوس عاشق اعوان حال ہی میں سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے احسن سلیم بریار کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پنجاب اسمبلی آئی تھیں لیکن سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

سوشل میڈیا پر ڈالی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر سکیورٹی اہلکاروں کا حال احوال لیتی ہیں اور اندر جانے لگتی ہیں تو اہلکار انہیں روک کر کہتے ہیں کہ آپ ہمارے لیے قابل احترام ہیں لیکن آپ اندر نہیں جا سکتیں کیونکہ آپ کا نام مہمانوں کی فہرست میں موجود نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی سابق معاون خصوصی سکیورٹی اہلکاروں سے کہتی ہیں کہ احسن سلیم بریار والی فہرست دیکھیں میرا نام اس میں شامل ہو گا، جس پر سکیورٹی اہلکار لسٹ دیکھتے ہیں لیکن اس میں فردوس عاشق اعوان کا نام شامل نہیں تھا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میرا نام احسن سلیم بریار کی تقریب حلف برداری کے لیے آنے والے مہمانوں کی فہرست میں شامل تھا لیکن پتا نہیں کس نے میرا نام نکلوا دیا۔