کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، 8 افراد ہلاک، مشتعل افراد کا احتجاج

 Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق گلشن اقبال میں سنٹرم مال کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

دونوں جاں بحق افراد آپس میں بھائی اور مدرسے کے طالبعلم تھے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے نیپا چورنگی اور راشد منہاس روڈ پر ہنگامہ آرائی کی اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیئے۔ اس سے قبل رات گئے گلشن اقبال مسکن چورنگی پر نا معلوم موٹر سائیکلوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جوس کی دکان کے ملازمین کو ٹارگٹ کیا۔ ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جن کی تعداد چھ بتائی گئی ہے۔

جاں بحق افراد کی شناخت نادر، عبدالواحد اور حسین علی کے نام سے ہوئی۔ دوسری جانب سہراب گوٹھ اور گلشن حدید میں فائرنگ کے واقعت میں 2 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ادھر بلدیہ ٹاوٴن سے بھی ایک لاش ملی ہے۔