اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں کھنا پل کے قریب مدرسے پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے قاری عارف کی نمازجنازہ رات گئے کھنا پل پر ادا کردی گئی۔ اسلام آبادمیں کھنا پل کے قریب ایک مدرسے پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق نماز مغرب کے بعد 2 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کھنا پل کے قریب مدرسے کے باہر کھڑے لوگوں پر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے مدرسے کے استاد قاری عارف اور نمازی درویش موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک 14 سالہ بچہ شاکر اللہ شدید زخمی ہوگیا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ زخمی شاکر اللہ کا علاج جاری ہے۔ واقعے کے بعد مدرسے کے طلبہ نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردیا۔