نوشہرو فیروز میں فائرنگ، پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری جاں بحق

Shahnaz Ansari

Shahnaz Ansari

نوشہرو فیروز (اصل میڈیا ڈیسک) پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری شدید زخمی ہوگئیں۔

انہیں زخمی حالت میں پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے آئی تھیں، فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع پرپیش آیا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہناز انصاری کے بہنوئی مرحوم زاہد کھوکر کے بھتیجے نے فائرنگ کی۔

شہناز انصاری کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔