اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ خطے میں جنگ کو دعوت دینے سے مترادف ہے، اقوام متحدہ شہری آبادی کو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنائے اور ایل او سی پر اپنے آبزرور مشن کو متحرک کرے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ لائن اف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری سے شہری آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہے، وزیراعظم پاکستان مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے مذاکرات، امن اور تجارت کی بات کی لیکن بھارت نے اس کا منفی جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت ایل اوسی پر جارحیت سے متعلق جو بھی حکمت عملی مرتب کرے گی وہی آزاد کشمیر حکومت کی بھی ہو گی۔