کراچی : سوسائٹی برادرز فٹ بال کلب کیماڑی کے زیر اہتمام کراچی پورٹ ٹرسٹ فٹ بال اسٹیڈیم کیماڑی میں جاری پہلا آل کراچی آصف (کا کا) میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا گزشتہ روز فائنل مقابلے میں عثمان شہید فٹ بال کلب کیماڑی نے عمدہ کھیل کی بدولت ٹورنامنٹ کی مضبوط حریف چنیسر بلو فٹ بال کلب کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
کھیل کے دوران پہلے ہاف میں وسیم گل ،عاصم خان اور آصف خان نے نہایت شاندار گول اسکو ر کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم اور نمایاں کردار ادا کیا جبکہ چنیسر بلو فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں نے دوران کھیل گول کرنے کے کئے مواقع ضائع کئے ۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر ٹورنامنٹ انتظامی کمیٹی کے جانب سے تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے کراچی کے صدر آصف خان نے فاتح اور رنر اَپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں اور انفرادی انعامات سے نوازا ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اور سوسائٹی برادرز کے روح رواں نور محمد نورا نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کو سند ھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کیماڑی ٹائون کے صدر اشفاق ہزاروی ،شیر علی خان ،ابرار یوسف زئی ،فیصل سومرو،ابرار جدون ، راحت خان ،ملک عمران ،فٹ بال ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ ویسٹ کے ممبر رضا کان ، چیئر مین شہباز گرین فٹ بال کلب عمر زاد روغانی، با بائے فٹ بال نیک لالا ،میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل و دیگر سیاسی، سماجی اور فٹ بال سے وابستہ اہم شخصیات بڑی تعداد میں موجود تھیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کراچی کے صدر آصف خان نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ملک سے اندھیروں کے خاتمے ،ترقی اور خوشحالی کے لئے جدو جہد کر رہی ہے۔
شہر کراچی میں نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلا یا کہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کے تعاون کے ذریعے کراچی پورٹ ٹرسٹ فٹ بال اسٹیڈیم کیماڑی کو شہر کا ماڈل فٹ بال اسٹیڈیم بنا یا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو نیشنل فٹ بال ریفری امام بخش بلوچ،سلیم حسین اور عمران نے سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض موسیٰ خان اور عدنان نے انجام دیئے۔