پہلا ون ڈے، بھارت نے بارش میں بھی بنگال ٹائیگرز کو دبوچ لیا

ODI

ODI

ڈھاکا (جیوڈیسک) بھارت نے بارش میں بھی بنگال ٹائیگرز کو دبوچ لیا، ڈک ورتھ لوئس پر 7 وکٹ سے پہلا میچ جیت لیا، مہمان ٹیم نے 26 اوورز میں ملنے والا نظرثانی شدہ 150 رنز کا ہدف 3 وکٹ پر 7 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش نے پہلے 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 272 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق تین ون ڈے میچز کی مختصر سیریز کے پہلے مقابلے میں بھارت کو مقررہ 50 اوورز میں پہلے 273 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں اس نے 1 وکٹ کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے۔

بارش سے شیر بنگلہ اسٹیڈیم جل تھل ہوگیا، آئوٹ ہونے والے کھلاڑی روبن اتھاپا تھے جنھوں نے 50 رنز بنائے، انھیں شکیب الحسن نے ایل بی ڈبلیو کیا تھا، موسم صاف ہونے پر جب دوبارہ میچ شروع ہوا تو بھارت کو فتح کیلیے 26 اوورز میں 150 رنز کا ہدف ملا، کھیل شروع ہوتے ہی چتیشور پجارا کو بھی کھاتہ کھولنے کی مہلت دیے بغیر شکیب الحسن نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔

تیسری وکٹ مشرفی مرتضیٰ کے حصے میں آئی جب اجنکیا راہنے کو 64 رنز پر ضیا الرحمان نے تھرڈ مین کی جانب کیچ کیا، امبتی رائیڈو 16 اور کپتان سریش رائنا 15 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

اس سے پہلے بنگلہ دیش نے 9 وکٹ پر 272 رنز اسکور کیے، تمیم اقبال صفر پر آئوٹ ہوئے، مشفیق الرحیم نے 59، شکیب الحسن نے 52 اور انعام الحق نے 44 رنز اسکور کیے، امیش یادیو نے 3 جبکہ امیت مشرا اور پرویز رسول نے 2،2 وکٹیں لیں۔