پاکستان (جیوڈیسک) ہرارے پاکستان نے پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ کیلئے پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، مصباح الحق(کپتان)، ناصر جمشید، احمد شہزاد، محمد حفیظ، عمر امین، سرفراز احمد، شاہد آفریدی،حارث سہیل، جنید خان، سعید اجمل اور محمد عرفان۔
گرین شرٹس سیریز میں فیورٹ ہے جبکہ ہوم ٹیم نئے آغازکے لیے پرعزم ہے۔ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہرارے کی وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے، بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دونوں میچ ہارنے کے باوجود زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پر امید ہے کہ وہ پاکستان کو ون ڈے میچ میں شکست دیکر اس سنہری دورکی یاد تازہ کرے گی۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم دنیا کی بڑی ٹیموں کے خلاف توقعات پوری کرنے میں ناکام رہی ہے جبکہ مصباح الحق پرامید ہیں کہ ان کی ٹیم ون ڈے سیریز میں وائٹ واش مکمل کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 44 ون ڈے میچ کھیلے گئے ہیں، پاکستان نے 40 میچ جیتے زمبابوے دو میں فاتح رہا، ایک میچ ٹائی اور ایک غیرنتیجہ خیز رہا۔ تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے 29 اگست جبکہ تیسرا اور آخری میچ 31 اگست کو اسی گرانڈ پر کھیلاجائے گا۔