دھرم شالہ (جیوڈیسک) بھارت کے دورے پر آئی مہمان ٹیم سری لنکا نے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انڈین ٹیم کو عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے صرف 112 رنز بنائے جسے سری لنکا نے 3 وکٹوں پر عبور کر لیا۔ اپل تھرنگا 49 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ خیال رہے کہ سری لنکا نے ون ڈے میں لگاتار 12 ناکامیوں کے بعد یہ فتح حاصل کی ہے۔
سری لنکا نے انڈین ٹیم کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت کا فیصلہ کیا جو انتہائی فائدہ مند ثابت ہوا۔ پوری ٹیم صرف 112 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ابتدائی پانچ بلے باز صرف 16 کے مجموعی سکور پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی واحد بلے باز تھے جو مزاحمت کا مظاہرہ کر سکے اور 65 رنز بنا کر آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین بنے۔ سری لنکا کی جانب سے سرانگا لکمل نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی جانب سے لکمل کے علاوہ فرنانڈو نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے اور استعمال ہونے والے چھ کے چھ بولروں نے کم از کم ایک وکٹ حاصل کی۔
انڈین کپتان روہت شرما اور شیکھر دھون اوپننگ کرنے آئے تاہم دوسرے ہی اوور میں شیکھر دھون اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ جبکہ تھوڑی دیر بعد ہی روہت شرما بھی ان کے پیچھے پیچھے پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد تو انڈین ٹیم کی لائن ہی لگ گئی۔ 16 رنز پر پانچ اور 29 رنز پر ان کے سات کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔
اس موقع پر مہندر سنگھ دھونی اور کلدیپ یادیود نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور 70 تک لے گئے۔ دھونی نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور تیزی سے کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کا مجموعی سکور 100 رنز سے اوپر لے گئے۔ لیکن ان کی کارکردگی بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکی۔ یوں سری لنکن ٹیم نے میدان میں اتر کر باآسانی 113 کا ہدف حاصل کر لیا۔ انڈٰیا اور سری لنکا کی سیریز کا دوسرا میچ بدھ 13 دسمبر کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا اور انڈیا کے اس میچ میں حیرت انگیز ریکارڈ بھی دیکھنے میں آئے۔ اس میچ کے پہلے 5 اوورز میں انڈین ٹیم صرف ایک رن بنا سکی جبکہ پہلے 11 اوورز میں صرف 5 رنز ہی بن سکے۔ اس میچ کو ون ڈے کرکٹ کی پاور پلے تاریخ کا سب سے کم رن ریٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ انڈین ٹیم کے پہلے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور پے در پے آؤٹ ہو کر واپس لوٹتے رہے۔