گیانا (جیوڈیسک) پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 225 رنز کا ہدف دے دیا، شاہد آفریدی نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ گیانا میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 224 رنز بنائے، شاہد آفریدی اور کپتان مصباح الحق نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
پاکستان ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، صرف 23 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کے 4 بیٹسمین پویلین لوٹ گئے، احمد شہزاد 5 رنز بنا کر آوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے ان کے بعد محمد حفیظ 1 اور ناصر جمشید 6 رنز پر واپس چلتے بنے، اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ چاروں ابتدائی کھلاڑیوں کی وکٹیں جیسن ہولڈر نے حاصل کیں۔ اس کے بعد کپتان مصباح الحق اور عمر اکمل نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر ٹیم میں شامل کئے گئے عمر اکمل بھی 19 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔
مایہ ناز آل راونڈر شاہد آفریدی نے مصباح کو جوائن کیا اور ویسٹ انڈین بولر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 55 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے کپتان کے ساتھ مل کر 120 رنز کی قابل قدر شراکت بھی قائم کی، مصباح الحق 52 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4، براوواور کیمر روچ نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔