دبئی (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیدی ہے۔ سری لنکا کو جیت کیلئے 293 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا تھا لیکن آئی لینڈرز مقررہ پچاس اوورز 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 209 بنا سکے۔
سری لنکا کی جانب سے تھرمانے نے ذمہ داری سے بلے بازی کی اور 53 رنز بنانے میں کامیاب رہے، ان کے علاوہ دننجیا نے بھی ٹیل اینڈر ہونے کے باوجود پاکستانی باؤلرز کا کھیل کر سامنا کیا اور مزاحمت دکھاتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ تاہم ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی پاکستانی گیند بازوں کا سامنا نہیں کر سکا۔
اس سے قبل سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری سکور کی۔ انہوں نے 131 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں شعیب ملک 81، فخر زمان 43 اور محمد حفیظ 32 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے لکمل 2 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب گیند باز رہے۔ دیگر باؤلرز میں گیمیج، دینان جیا، پریرا اور جیفری کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
خیال رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی پہلی ون ڈے سیریز کھیل رہی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری ون ڈے سیریز 2015ء میں کھیلی گئی تھی جس میں پاکستانی ٹیم نے تین دو کامیابی حاصل کی تھی۔