جوہانسبرگ (جیوڈیسک) ڈک ورتھ لوئس میتھڈکے تحت جنوبی افریقہ نے 4 رنز سے میچ جیت لیا، جنوبی افریقہ کو دو میچ کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی، پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 153 رنز اسکور کیے، جواب میں پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر صرف 60 رنز بنائے، دسویں اوور میں بارش نے کھیل روک دیا، جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ نے چار رنز سے میچ جیت لیا۔
جنوبی افریقی بیٹسمین کوئنٹین ڈی کوک مین آف دی میچ قرار پائے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کو 153 رنز تک محدود کر کے بالرز نے اچھی کارکردگی دکھائی، بارش کی وجہ سے میچ کا رکنا بدقسمتی تھی۔جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ ٹیم جیت رہی ہے،ایسے میں
ٹیم کا حصہ ہونا اچھا لگتا ہے، بالرز نے پلان کے مطابق بالنگ کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ آج کا میچ پاکستان جیت سکتاتھا، جس طرح کی وکٹ تھی اس پر پاکستان نے کافی اچھی بیٹنگ کی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ جس پلیئر کو ریسٹ کرانا ہوتا ہے اسے کرایا نہیں جاتا، اگر سعید اجمل کو کھلایا جاتا تو جنوبی افریقا کا اسکور کم ہوتا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے میچ ونرز تلاش کرنا ہوں گے۔ سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کو نہ کھلانے کا فیصلہ حیران کن ہے، سعید اجمل مین کھلاڑی ہے اس کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ سمجھ سے باہر ہے۔