کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پہلے دہشت گرد حملے کر تے تھے اب بھاگنے کے راستے ڈھونڈ رہے ہیں اور ایک سے 2 سال کے درمیان دہشت گردی کا صفایا ہو جائے گا۔
کراچی میں پھولوں کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں، آپریشن کے دوران اب تک 15 ہزار ملزمان کو حراست میں لیا جاچکا ہے جب کہ تحقیقات کے بعد ان میں سے بے گناہ لوگوں کو رہا کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مسئلہ 20 سال پرانا ہے اس کے خاتمے کے لئے کچھ وقت درکار ہو گا، رینجرز اور پولیس دہشت گردوں کا صفایا کر نے کی قوت رکھتی ہیں امید ہے کہ ہم امن و امان کے مسئلے پر جلد قابو پالیں گے۔