ہرارے (جیوڈیسک) پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم زمبابوے کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جا رہے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز سعید اجمل اور راحت علی نے 249 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن سعید اجمل اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر 49 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
یوں پاکستان کی پوری ٹیم 249 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اظہر علی 78 مصباح الحق 53 اور سعید اجمل 49 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ زمبابوے کی طرف سے چتارا اور پنیانگارا نے تین، تین جبکہ مساکادزا اور اوتسیا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔