دبئی (جیوڈیسک) پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے آسٹریلیا کو 303 رنز پر آل آؤٹ کر دیا اور کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 38 رنز بنالیے۔ اس طرح پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر 189 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا نے 113 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو جلد ہی پہلی کامیابی اس وقت ملی جب راجرز 38رنز بناکر راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ دولان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رہ سکے اور صرف پانچ رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔
کپتان کلارک صرف دو رنز بنا سکے۔ اس دوران ڈیوڈ وارنر نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی۔ 22 رنز بناکر اسمتھ بھی پویلین لوٹ گئے۔ کھانے کے وقفے پر آسٹریلیا کا اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 207 رنز تھا۔ وقفے کے فوری بعد ڈیوڈ وارنر 133 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد مختصر وقفوں سے وکٹیں گرنے لگیں۔
ہیڈن 22 رنز بناکر عمران خان کا نشانہ بنے،مارش کو 27 رنز پر ذوالفقار بابر نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔سڈل بغیر کوئی رن بنائے حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ جب چائے کا وقفہ ہوا تو آسٹریلیا کی 8 وکٹیں 282 رنز پر گر چکی تھیں۔
بعد میں مچل جانسن 37 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر متبادل فیلڈر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے اور اسٹیو اوکیف یاسر شاہ کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ ناتھن لیون 4رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم 103 اعشاریہ ایک اوورز میں 303 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو پہلی اننگ میں 151 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ دوسری اننگ میں پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 38 رنز بنا کر اپنی برتری مستحکم کردی۔ پاکستانی اوپنرز احمد شہزاد 22 اور اظہر علی 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔