لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ اوور سیز پاکستانیز کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے جس پر وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں۔
پہلے اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے قیام کا اعلان کر کے بیرون ملک مقیم اہل وطن کی شکایات کے ازالے کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے۔
امریکن کشمیر فورم کے صدر اور ممتاز پاکستانی شاہین بٹ نے کہا شہباز شریف نے امریکہ قیام کے دوران بیرون ملک ہم وطنوں کیلئے ون ونڈو آپریشن کا جو وعدہ کیا تھا وہ انہوں نے پورا کر دیا۔
خلیجی ممالک کے نمائندے چودھری محمد شفیع نے کہا وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن قائم کرکے ہمارے دل جیت لئے ۔برطانیہ سے آئے بیرسٹر امجد نے کہا چودھری محمد سرور کو گورنر پنجاب بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو انتہائی احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔
دریں اثنا گورنر سے برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کہا پاکستانی قوم باصلاحیت اور پُرعزم ہے جس نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بعدازاں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کی 88 ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا پاکستان اس وقت جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
گورنر نے ملکہ الزبتھ کی سالگرہ پر برطانوی ہائی کمشنر اور مسیحی برادری کے نمائندوں کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر اور گورنر نے ملکہ الزبتھ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔