ٹیکسلا (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ طالبان کیساتھ بامقصد مذاکرات کیلیے راہ ہموار ہوچکی ہے، پہلی مرتبہ طالبان گروپوں کی جانب سے جنگ سے بیزاری اور مذاکرات کیلئے دلچسپی کے شواہد ملے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ مذاکراتی عمل نہ صرف آگے بڑھے گا بلکہ اس پر مستقل بنیادوں پر عملدرآمد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل اتنا آسان نہیں، قوم کو صبرو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، مذاکراتی عمل سبوتاژ ہونے سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ تشدد، گولی اور دھماکوں کے واقعات نہ ہوں، ہمیں معلوم ہے کہ کچھ قوتیں مذاکرات کے حق میں نہیں ہیں، وہ روڑے اٹکانے کی بھر پور کوشش کریں گی، ان میں اندرونی اور بیرونی قوتیں شامل ہیں مگر ہمیں ناامید نہیں ہونا چاہیے۔