اسلام آباد (جیوڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہاہے کہ پاکستان کی 66 سالہ تاریخ میں ہم نے پہلی بار ورلڈبینک اورآئی ایم ایف کو الوداع کہا، ہم نے پاکستان پر قرضہ چڑھانے کے بجائے پاکستان کا قرضہ اتارا، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، نہ صرف میگا پروجیکٹس مکمل کیے بلکہ اپنے ہمسایہ اسلامی ممالک کی مدد بھی کی۔
وہ اے پی ایم ایل کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اورسینٹرل ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے جس میں چاروں صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت وبلتستان کے علاوہ سعودی عرب، برطانیہ، امریکا، یوا ے ای اورکینیڈا سے ممبران نے شرکت کی۔ سابق صدرنے کہاکہ ملک میں پیسے کی ریل پیل تھی، کوئی بھی بحران نہیں تھا، آئی ٹی میں بے مثال ترقی کی، لاکھوں نوجوانوں کو روزگار دیا۔ دہشت گردوں کے خلاف واضح اور مضبوط موقف اپنایا جس کی مثال آج پوری قوم کے سامنے ہے۔ میں کئی سال آگے کی سوچ رکھتا ہوں جس پراس وقت واویلاکرنے والے آج شرمندگی سے منہ چھپارہے ہیں۔ وقت نے دہشت گردی کے خلاف ہونے والے آپریشن اور پالیسیاں درست ثابت کیں۔
پاکستان میں پہلی بارکسانوں کومراعات دیں۔ چھوٹے کاشتکاروں کے زرعی قرضے نہ صرف معاف کیے بلکہ انھیں کھاد، بیج اورپانی پر سبسڈی دی اوران کے خلاف اندھے قانون کوتبدیل کرکے ہتھکڑی لگانے کے اختیارات ختم کیے۔ 4,4بار باریاں لگانے والوں نے ملک پہ قرضوں کا بوجھ ایک دوسرے سے بڑھ کرڈالا۔
مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی نے ملک کابیڑہ غرق کیا۔ آج ملک میں کوئی ادارہ درست سمت نہیں جارہا۔ اس موقع پرمرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پرویز مشرف کی قیادت میں دوبارہ پاکستان میں ترقی کا دوردورہ ہوگا۔ مرکزی سیکریٹری اطلاعات میجرجنرل (ر) راشدقریشی نے کہاکہ پاکستان کو آج پرویزمشرف جیسے ایماندار ویژن رکھنے والے لیڈرکی ضرورت ہے۔