کوئٹہ(جیوڈیسک)بلوچستان کیلئے بیلٹ پیپرز لے کر پہلا سی ون تھرٹی طیارہ کوئٹہ پہنچ گیا، بیلٹ پیپرز کوئٹہ ڈویژن کے چار اضلاع میں ہیلی کاپٹرز ذریعے روانہ کردیئے گئے۔ الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں سیکورٹی وجوہات کی بناپر بیلٹ پیپرز کو فضائی راستوں سے بجھوانے کی منظوری دی تھی۔
گزشتہ دنوں کراچی میں بلوچستان کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل ہوگیا تھا جس کو آج ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بلوچستان کے چار اضلاع نوشکی، چاغی اور قلعہ عبداللہ پہنچایا گیا۔ اس سے پہلے صوبے کے حساس اضلاع میں پاک فوج کی تعیناتی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
صوبے کے عوام پرامید ہیں کہ فوج کی زیر نگرانی پرامن ماحول میں لوگ حق رائے دہی استعمال کرکے جمہوریت کو عملی تقویت دے سکتے ہیں۔ بیلٹ پیپرز کو جب کوئٹہ ائیرپورٹ پہنچایا گیا تو سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمیشن کے حکام، فوجی افسران اور جوانوں کی بھاری نفری موجود تھی۔