مالی سال 2013 تجارتی خسارہ 20 ارب پچاس کروڑ ڈالر رہا

Financial year

Financial year

پاکستان (جیوڈیسک) جون میں ختم ہونے والے مالی سال دو ہزار تیرہ کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ بیس ارب پچاس کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ تجارتی خسارہ اور برآمدات کے مقرر کردہ اہداف اس بار بھی حاصل نہ کئے جاسکے۔ ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال دوہزار تیرہ کے دوران پاکستان سے باہر فروخت کی جانی والی اشیا کی مالیت یعنی برآمدات چوبیس ارب اکیاون کروڑ ڈالر رہیں۔

جبکہ اس عرصے میں پاکستان منگوائی جانے والی اشیا یعنی درآمدات کا مالی حجم پینتالیس ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ اس طرح مالی سال دو ہزار تیرہ میں تجارتی خسارہ بیس ارب پچاس کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا جس کا ہدف سترہ ارب بیس کروڑ ڈالر رکھا گیا تھا۔

اسی طرح برآمدات کا ہدف پچیس ارب بیس کروڑ ڈالرر کھا گیا تھا تاہم برآمدات چوبیس ارب اکیاون کروڑ ڈالر تک پہنچ سکیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال دو ہزار تیرہ کے دوران پاکستان کو بیرون ممالک سے تجارت میں ساڑھے بیس ارب ڈالر کا خسارہ ہوا۔ تاہم یہ تجارتی خسارہ اس سے پچھلے مالی سال کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں چار فیصد کم ہے۔