ایبٹ آباد (جیوڈیسک) قومی کرکٹرز کی فٹنس کا پول کھل گیا، کاکول فٹنس کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی ہمت چار دن میں ہی جواب دے گئی، فوجی ٹرینرز نے وزن کم کرنے کا مشورہ دے دیا۔ اونچی پرواز کیسے کی جائے، فوج کے زیر سایہ شاہینوں کی ایبٹ آباد میں تربیت جاری ہے۔
بوٹ کیمپ میں قومی کرکٹرز کی دوڑیں، اونچائی پر چڑھنے کی مشقیں، چھ منٹ میں ایک میل دوڑ کا ٹاسک، یونس خان اور شان مسعود کے علاوہ تمام کھلاڑی تاخیر سے فنش لائن تک پہنچے۔ پش اپس کے امتحان میں فواد عالم کے سوا سب فیل ہو گئے بہترین فٹنس والے کپتان مصباح الحق اور یونس خان بھی فوجی ٹرینرز کو متاثر نہ کر سکے۔
دورہ انگلینڈ کے لیے پینتیس کھلاڑیوں کو فٹنس کیمپ میں مدعو کیا گیا تھا، یاسر شاہ، محمد حفیظ، ذوالفقار بابر، حارث سہیل اور عماد وسیم ان فٹ ہیں۔
پانچوں کرکٹرز بوُٹ کیمپ میں شرکت کرنے کی بجائے نیشنل کرکٹ اکیڈیمی میں بحالی کے پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔