کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے کہا ہے کہ آلودگی سے پاک صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے ضلع کورنگی کی حدود میں کوڑا کرکٹ پھیلانے اور کچرے کو آگ لگانے پر عائد پابندی پر سختی عمل درآمد کی جائے۔
متعلقہ افسران اور محکمہ سنیٹریشن کے انسپکٹرز ،سب انسپکٹرز اور مقدم حضرات کو ہدایت کی ہے کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کو بروئے کار لائیں اور کوڑا کرکٹ پھیلانے اور کچرے کو آگ لگا کر قدرتی ماحول کو آلودہ کرنے والوں کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت قانونی کاروائی کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،کورنگی اورلانڈھی زون کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تحت جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ ،ڈائریکٹر پارکس بلدیہ کورنگی ندیم شیخ ،شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،کورنگی زون کے فوکل پرسن مبین صدیقی اور لانڈھی زون کے فوکل پرسن طلعت محمود بھی موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے محکمہ ہیلتھ اور انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی ہے کہ تمام زونز میں صفائی وستھرائی اور شاہراہوں فٹ پاتھوں پر سے غیر قانونی تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے اقدامات تیز کرکے عوام کو سہولت پہنچا ئی جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے کہاکہ صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا نے کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن نے متعلقہ محکمے کے ذمہ دران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی سے متعلق شکایات کے بروقت ازالے کے لئے اقدامات اور کچرا کنڈیوں سے کچرے کی روزانہ کی بنیاد پر منتقلی کو یقینی بنا ئی جائے انہوں نے بتا یا کہ ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کے امور کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے اور بلدیہ کورنگی کی جانب سے صفائی وستھرائی کا عمل دن اور رات انجام دیا جارہا ہے۔
میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن نے محکمہ ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی کے علاقائی انسپکٹرز، سب انسپکٹرزاور مقدم حضرات کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ علاقائی سطح پر اور کچرا کنڈیوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے مکمل نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر انجام دیا جائے۔