لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ ان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ اپنی فٹنس کو برقرار رکھیں، اگر فارم اور فٹنس برقرار رہی تو مزید 10 سال تک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔
لاہور میں قومی کھلاڑیوں کے ٹریننگ کیمپ کے دوران یونس خان نے کہا کہ کرکٹ میں پاک بھارت مقابلوں کی اپنی کشش ہے، دونوں ممالک کے عوام چاہتے ہیں کہ وہ اپنے میدانوں میں ایک دوسرے کے ملکوں کے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھیں تاکہ ان کے بچے اور نوجوان ان سے سیکھ سکیں۔
پی سی بی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئے کوشاں ہے جس کی ہمیں اشد ضرورت بھی ہے اور اگر یہ کام بھارت کے دورے سے ہو تو اس سے اچھی کوئی اور بات ہو ہی نہیں سکتی۔ وہ امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم کے دورہ بھارت سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات دوبارہ بحال ہوں گے۔
سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ اپنی فٹنس کو برقرار رکھیں، اگر فارم اورفٹنس برقرار رہی تومزید 10 سال تک کرکٹ کھیل سکتا ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے اور ٹیسٹ کیرئیر کا اختتام ٹیم سے ڈراپ ہو کر نہیں بلکہ کھیلتے ہوئے کرنا چاہتے ہیں۔