ابوظہبی (جیوڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میں بغیر نتیجہ ختم ہو گیا۔ اینجلو میتھیوز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ برابری کے نتیجے پر ختم ہو گیا۔ ٹیسٹ میچ کو آخری روز سری لنکا نے دوسری اننگز میں 480 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈیکلیئر کی اور قومی ٹیم کو 302 رنز کا ہدف دیا لیکن جب پاکستان کا اسکور دو وکٹوں پر 158 رنز بنا تو امپائرز نے میچ ڈرا کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 80 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اس سے پہلے جب ایک جانب پہلی سری لنکن اننگز میں قومی باؤلرز نے سری لنکا کو 204 رنز تک محدود کیا اور دوسری جانب پاکستانی بلے بازوں 383 رنز بنا ڈالے تو گرین شرٹس کی میچ پر گرفت مظبوط ہو گئی۔
اس کے بعد دوسری اننگز میں سری لنکن بیٹسمین شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے وکٹ پر جم گئے۔ آئی لینڈرز نے نہ صرف دوسری اننگز میں اچھا اسکور کیا بلکہ میچ کی صورت حال کو اپنے قابو کرتے ہوئے اسے بغیر نتیجہ ختم کرنے میں کامیاب بھی ہو گئے۔
سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کو مین آف دی میچ کا ایواڈ دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 8 جنوری سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔