پانچ جولائی کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات ہونگے

Olympic

Olympic

پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عبوری کمیٹی نے پانچ جولائی کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پی او اے کے انتخابات میں اولمپک ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر سید عارف حسن تاحیات پابندی عائد ہوجانے کے باعث انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اسلام آباد میں پی او اے کی عبوری کمیٹی اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے منعقد ہونے والے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔

نیشنل گیمز کے انعقاد کے فوری بعد پی او اے کے انتخابات کا نعقاد کرایا جائے۔ دوسری جانب پی او اے کے انتخابات کے اعلان کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے پاکستان پر پابندی عائد کرنے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ آئی او سی خبردار کر چکی ہے کہ پی او اے کے معاملات میں سیاسی مداخلت ختم نہ کی گئی تو پاکستان پر پابندی عائد کر دی جائے گی جس کے بعد کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی کسی بین الاقوامی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکے گا۔