کراچی (جیوڈیسک) ایل این جی درآمدات میں اضافے اور درآمدی فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار پر پابندی کے باعث پانچ ماہ میں فرنس آئل کی درآمدات 58 فیصد کم ہو گئی، اکتوبر سے فروری کے دوران فرنس آئل کی درآمدات میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق پانچ ماہ میں فرنس آئل کی درآمدات 58 فیصد کی کمی کے بعد 6 لاکھ 39 ہزار میٹرک ٹن تک محدود رہی، صرف جنوری 2018 میں 58 ہزار 500 میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کیا گیا۔ دوسری جانب رواں مالی سال میں اب تک فرنس آئل کی درآمدات میں 31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی سے فروری کے دوران 27 لاکھ 88 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد ہوا۔
واضح رہے کہ حکومت نے اکتوبر 2017 میں فرنس آئل کی درآمدات پر پاپندی عائد کردی تھی جبکہ دسمبر 2017 میں پاکستان کا سب سے بڑا ایل این جی ٹرمینل بھی آن لائن آچکا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس عرصے کے دوران ایل این جی سے بجلی کی پیدوار جو ایک سال قبل 100 میگا واٹ تک محدود تھی جو بڑھ کر اب 1600 میگا واٹ سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔