پانچ ممتاز مسلم امریکیوں کی ای میلز کی جاسوسی

American National Security Agency

American National Security Agency

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) اور ایف بی آئی کی جانب سے خفیہ نگرانی پروگرام کے تحت پانچ ممتاز امریکی مسلمانوں کی ای میلز کو اسکین کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

آن لائن جریدے ‘دی انٹر سیپٹ’ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ان افراد میں ایک اٹارنی، ایک ریپبلکن سیاستدان، ایک یونیورسٹی ٹیچر اور شہری حقوق کے لیے سرگرم دو کارکنان شامل ہیں۔

جریدے کے مطابق پانچوں افراد نے دہشت گردی یا جاسوسی میں ملوث ہونے کے الزامات سے انکار کیا ہے اور ان کے کسی قسم کے جرائم میں ملوث ہونے کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔

جریدے ‘دی انٹر سیپٹ’ نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا حکومت نے خفیہ نگرانی کے سلسلے میں قانونی طور پر اجازت حاصل کی تھی۔

نیشنل سیکیورٹی ایجنسی اور اس کے انصاف فراہم کرنے والے افسران نے بدھ کو اس بات کی تردید کی کہ انسانی حقوق کے لیے سرگرم ان امریکیوں کو حکومت پر تنقید کرنے کے الزام میں نشانہ بنایا گیا۔

انفرادی کیسز پر بات کرنے سے اجتناب کرتے ہوئے این ایس اے کے افسران نے کہا کہ امریکیوں کی ای میلز کی خفیہ نگرانی کسی خاص مقصد کے تحت ہی کی جاتی ہے۔