لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مقررہ نرخوں پر گنے کی خریداری نہ کرنے والے شوگر ملز مالکان کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔
کسانوں کے اس معاملے پر آواز بلند کی تھی۔ پیپلزپارٹ نے بھی گنے کی خریداری پر نظر رکھنے کے لئے سرکاری کمیٹی بنانے کے مطالبے پر مبنی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر کے ڈی سی اور کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شوگر ملوں کو پنجاب کے کاشتکاروں سے گنے کی خریداری سرکاری نرخوں پر یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے حکم دیا ہے کہ شوگر ملوں کی جانب سے کاشتکاروں سے گنے کی خریداری کا سلسلہ بند نہیں ہونا چاہئے۔ مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے شوگر ملز مالکان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
اس ضمن میں کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی کے رکن مخدوم مرتضٰی محمود نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کاشتکاروں سے گنے کی خریداری سرکاری نرخوں پر یقینی بنانے کے لئے سرکاری کمیٹی بنائے جس میں کسان نمائندے بھی شامل ہوں جو گنے کی خریداری کے سارے عمل پر نظر رکھے۔