لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 27 سالہ لیفٹ ہینڈ اوپنر ناصر جمشید کو عارضی معطل کر دیا ہے۔ ناصر جمشید پر الزام ہے کہ انہوں نے معطل اور وطن واپس آنے والے شرجیل خان اور خالد لطیف کو سٹے باز سے ملنے کی راہ ہموار کی۔
خیال رہے کہ ناصر جمشید نے دو ٹیسٹ، اڑتالیس ون ڈے اور اٹھارہ ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے آخری بار 2015ء کے ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا لیکن اس میں ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی۔
پی سی بی نے ناصر جمشید کو عارضی طور پر معطل کر کے تمام فارمیٹس کی کرکٹ میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔ یہ خبر پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے دی، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بارے میں پریس ریلیز جاری کی۔
اس پریس ریلیز میں ناصر جمشید کو معطل کرنے کی مزید کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ اس سے قبل کرکٹر خالد لطیف اور شرجیل خان کو معطل کر کے پہلے ہی وطن واپس بھیجا جا چکا ہے اور انھیں شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔