کراچی (جیوڈیسک) شہر میں پولیس موبائلوں پر حالیہ حملے میں استعمال کیے گئے آتش گیر مادے کا معمہ حل کرنے کیلیے تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال اور پریڈی تھانے کے حدود میں اکتوبر اور نومبرکے دوران کیے گئے۔
2 الگ الگ حملوں میں استعمال کیے گئے آتش گیر مادے نے پولیس کے اعلیٰ حکام اور تفتیشی اداروں کی نیندیں اڑادیں، ان حملوں میں پولیس موبائل کونشانہ بنانے کیلیے پھینکے گئے دستی بموں کے ساتھ آتش گیرمادہ بھی استعمال کیا گیا۔
جس کی وجہ سے نشانہ بننے والی پولیس موبائلوں میں آگ بھڑک اٹھی اورآناً فاناً پولیس موبائلیں جل کر راکھ ہوگئیں جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جھلس کر جاں بحق اور 4 اہلکارزخمی بھی ہوئے۔ آتش گیر مادے کا استعمال دہشت گردی سے نبردآزما پولیس کیلیے ایک نیا چیلنج بن گیا ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تحقیقاتی رپورٹ میں اس آتشگیر مادے کی حتمی شناخت نہ ہوسکی اور رپورٹ میں اندازے کی بنیاد پر کیمیائی اجزا فاسفورس، سلفیٹ کے استعمال کاامکان ظاہر کیا گیا تھا جس پرپولیس کے اعلیٰ افسران نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ پر اکتفا کرنے کے بجائے جلی ہوئی۔
پولیس موبائلوں سے حاصل شدہ آتشگیر مادے کے نمونے امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے QUANTICO) ( میں قائم تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کی جدیدترین فارنسک لیبارٹری کو ارسال کردیے ہیں جہاں ایف بی آئی کی فارنسک لیب کا ٹیررسٹ ایکسپلوژو ڈیوائس اینالیٹکل سینٹر(ٹی ای ڈی اے سی) پولیس موبائلوں پر حملے میں استعمال کیے گئے آتشگیر مادے کا سراغ لگائے گا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کراچی پولیس اور امریکی ماہرین کے اچھے تعلقات ہیں اور جب کراچی میں کوئی دہشت گردی یا تخریب کاری کاافسوسناک واقع رونما ہوتا ہے تو امریکی ماہرین سے معلومات کا تبادلہ کیا جاتا ہے، آتشگیر مادے کے نمونے پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی وساطت سے ایف بی آئی کوارسال کیے گئے ہیں جن کی رپورٹ رواں ماہ پہلے یادوسرے ہفتے میں پولیس حکام کو موصول ہوجائے گی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈکی رپورٹ پر عدم اعتماد اورایف بی آئی کی خدمات حاصل کرنے پر مقامی ماہرین بالخصوص BDS کے ماہرین میں مایوسی پائی جاتی ہے تاہم اعلیٰ پولیس حکام کامؤقف ہے کہ پولیس پرحملوں میں روایتی اسلحے اور تکنیک کے استعمال سے ہٹ کر مہلک آتشگیر مادے کا استعمال خطرے کی گھنٹی ہے جس کی پیش بندی کے لیے ایف بی آئی سے مدد لی گئی ہے، اس رپورٹ کی روشنی میں کیمیائی مواد کی نشاندہی کے بعد اس طرح کی وارداتوں کے سدباب کے ساتھ دہشت گردوں کو یہ آتشگیر مادہ فراہم کرنے والے ذرائع کا قلع قمع آسان ہوگا۔