کراچی (جیوڈیسک) چیف آ ف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے گزشتہ روز پاک میرینز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے سر کریک کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کا پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے کے بعد اگلے مورچوں کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اس موقع پر کمانڈر کو سٹ ریئر ایڈمر ل سید بشیر احمد بھی نیول چیف کے ساتھ تھے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک میرینز کے آپریشنل منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ آفیسرز اور سی پی اوز/ سیلرز سے گفتگو کے دوران نیول چیف نے اس کٹھن علاقے کی حفاظت کے مشکل فرائض کی انجام دہی میں ٹروپس کے جذبے اور محنت کی تعریف کی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اخلاقی اقدار، جسمانی فٹنس کے معیار اور خصوصی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران پاک میرینز کی طرف سے قوم کے لیے انجام دی جانے والی انسانی خدمات کی تعریف کی۔ ایڈمرل محمد ذکااللہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاک میرینز کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے اور خطے کی بہترین فورس بنانے کے لئے ان کو جدید آلات سے لیس کرنے اور جدید پلیٹ فارم کی دستیابی کے سلسلے میں تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔