گجرات : عالمی تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام نیک آباد سے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے مزید قافلے متأثرہ علاقوں میں پہنچ گئے۔ افضلیہ ویلفیئر فائونڈیشن کے چیئرمین پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری نے اپنے احباب الحاجی محمد اسلم جنجوعہ، مولانا ضیاء اللہ قادری، ڈاکٹر میمون آفتاب، مولانا یوسف قادری، قاری خالد محمود، شبیر حسین ساہی، امجد قادری اور دیگر رضا کاروں کے ہمراہ خوراک، ادویات، ریڈی میڈ کپڑوں اور خیموں کیساتھ ضلع منڈی بہائوالدین کے علاقے فتووال اور ضلع حافظ آباد کے علاقے ونی کے تارڑمیں پہنچ کر سیلاب زدگان میں اپنے ہاتھوں سامان تقسیم کیا۔
جبکہ قادر آباد میں دریا کے کنارے افضلیہ ویلفیئر فائونڈیشن کی خیمہ بستی میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ونی کے تارڑ میں میڈیکل کیمپ لگایا گیا جہاں وبائی امراض میں مبتلا سینکڑوں مریضوں نے فری چیک اپ اور فری ادوایات حاصل کیں۔ علاوہ ازیں چاول، آٹا، چینی، گھی، دال، چائے ،دودھ ،پتی اوردلیہ وغیرہ پر مشتمل سینکڑوں تھیلے اور کاٹن سیلاب زدگان میں تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر پیر محمد عثمان افضل قادری نے کہا کہ خدمت خلق پیغمبروں آل پاک صحابہ کرام اور اولیاء عظام کا طریقہ ہے، مشکل وقت میں مصیبت زدہ افراد کی بے لوث خدمت کرنے والے عظیم ہیں، اللہ رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو استحکام اور سلامتی نصیب فرمائیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے قادر آباد منڈی بہاؤالدین حافظ آباد نارووال ظفر وال اور دیگر کئی مقامات پر امدادی قافلے اور موبائل میڈیکل کیمپپ روانہ کئے گئے ہیں۔