لاہور (جیوڈیسک) وزیر تحفظ ماحولیات پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے فلڈ ریلیف پنجاب کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر خوراک بلال یسین بھی موجود تھے۔ کیبنٹ کمیٹی برائے فلڈ ریلیف نے پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے متعلق موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت کے زیرانتظام سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کا آپریشن بڑی تیزی سے جاری ہے۔
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے تمام اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو جانی ومالی نقصانات کا معاوضہ بہت جلد ادا کر دیا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی نے تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ لوگوں کے گھروں، فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا مستند اور شفاف بنیادوں پر جامع سروے جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ پوسٹ فلڈ صورتحال سے موثر طریقے سے نمٹا جا سکے ۔ بلال یٰسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے عزم کے مطابق متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔