سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، 5 افراد ڈوب گئے

Muzaffargarh Flood

Muzaffargarh Flood

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) مظفر گڑھ میں سیلابی ریلے میں ڈوبنے والے 3 افراد کو بچا لیا گیا، دو کی تلاش جاری، دادو اور سیہون میں سیلاب سے تباہی، مکینوں کی نقل مکانی، دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث دادو موروپل کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، نوگوٹھ اور سیہون شریف کے 27 سے زائد دیہات پانی کی لپیٹ میں آگئے۔ بہاولپور میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے گھر اور فصلیں ڈوب گئیں۔ پانی کی سطح بلند ہونے پر تربیلا ڈیم اور راول ڈیم کے سپل ویز کھول دیئے گئے۔

سندھ کے علاقے نوگوٹھ اور سیہوں شریف میں سیلابی پانی سے کلیفو عبدالرحمان اور ہاشم کلھوڑو سمیت کئی گاں ڈوب گئے ہیں۔ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی کپاس اور دھان کی فصلیں بھی پانی کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔ کئی دیہات کا دادو سے زمینی رابطہ منقطع ہونے سے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

سیلاب متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر رہے ہیں۔ دریائے ستلج میں بہاول پور کے ڈیرہ بکھا کے مقام پر منظور خان بند پانی کے دبا کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔ حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی گھروں، پولٹری فارمز اور کھیتوں میں داخل ہو گیا۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سپل ویز کھول دیئے گئے ہیں۔ ڈیم میں پانی کی آمد دو لاکھ چودہ ہزار تین سو اور اخراج دو لاکھ تیرہ ہزار سات سو کیوسک ہے۔

راول ڈیم کے کھولے جانے والے سپل ویز سے چار ہزار ایک سو کیوسک پانی کا اخراج جاری ہے۔ گدو بیراج میں پانی کی آمد تین لاکھ اٹھانوے ہزار انسٹھ اور اخراج تین لاکھ ستر ہزار سات سو انتالیس کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سکھر بیراج میں پانی کی آمد تین لاکھ پینسٹھ ہزار نو سو پینتالیس جبکہ اخراج تین لاکھ بانوے ہزار پچانوے کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے۔