لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے نمنٹنے کے لئے تمام تر اقدامات بر وقت ہونے چاہیئں اور اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ہیڈ سلیمانکی کا دورہ کیا اور وہاں پر متعلقہ حکام سے سیلاب کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ لی۔
وزیر اعلیٰ نے ہیڈ کو تقسیم کرنے والی دیوار کو ہونے والے نقصان کو سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر انکوائری کمیٹی بنا دی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہیڈ کے پشتوں اور جہاں سے ماضی میں بند ٹوٹے وہاں پر ابھی سے ہی ان کی مرمت کر لی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے ۔ حکام نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ اب تک ہیڈ سلیمانکی پر سیلابی صورت حال نہیں ہے اور پانی معمول کے مطابق بہہ رہا ہے۔