لاہور (جیوڈیسک) سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کیلئے گھر بار اجڑنے کا دکھ ہی کیا کم تھا کہ ان علاقوں میں اب وبائی امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق اب تک ان علاقوں میں 15 ہزار افراد سانس ،10 ہزار جلدی امراض اور 5 ہزار گیسٹرو کی بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں سانس کی تکلیف، جلدی امراض اور گیسٹرو تیزی سےپھیل رہا ہے۔ متاثرہ افراد میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی تعداد زیادہ ہے۔
سیلاب کی آفت اور بیماریاں ہی کیا کم تھیں کہ سیلاب زدہ علاقوں میں سانپوں کے ڈسنے کے واقعات بھی بڑھ گئے ،اب تک 20 افراد کو سانپ ڈس چکے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب نے متاثرہ علاقوں سے پانی کے نمونے حاصل کر لئے۔ تاکہ وبائی امراض سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ڈی جی ہیلتھ نے بتایا کہ متاثرین کے لئے 300 میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں اب تک چالیس ہزار افراد کا میڈیکل چیک اپ کیاجاچکا ہے۔