مظفر آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سیلاب اور زلزلے اﷲ کی ناراضی کا باعث اور آزمائش وعذاب کی مختلف صورتیں ہیں، جو لوگ ان سے سبق حاصل کرتے ہوئے اﷲ کی طرف رجوع کرتے ہیں وہ کامیاب ہو جاتے ہیں اور جو الٹے پھر جاتے ہیں ان کے لئے تباہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم اور حکمران اجتماعی طور پر توبہ کریں ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ضلع مظفر آباد کے امیر سید نذیر حسین شاہ کے بڑے بھائی قاضی اشرف کی وفات پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے، دریں اثناء امیر جماعت اسلامی آزادکشمیرنے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرین کے مسائل سنے، انہوں نے کہاکہ قوم اﷲ کی طرف رجوع کرے اﷲ راضی ہوگا تو تمام مسائل حل ہوجائیں گے، حکمران اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں عد ل وانصاف پر مبنی فیصلے کریں اور عدل کا نظام قائم کریں، سیلاب نے آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر، گلگت بلتستان اور پاکستان کو اپنے لپیٹ میں لیا ہوا ہے، عوام ایک دوسرے کی مدد کریں تاکہ متاثرین کی بحالی ممکن ہو سکے۔