لاہور (جیوڈیسک) پسرور، نارووال ،سمبڑیال اور کامونکی سے ملحقہ نالوں میں طغیانی کے باعث مختلف مقامات پر سیلابی پانی نے ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ کر دیں، پانی کی سطح بڑھنے سے قریبی آبادیوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا۔ کامونکی میں گناعور کے مقام پر نالہ ڈیک میں 40 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس سے سیکڑوں ایکڑ فصلیں تباہ ہو گئیں جبکہ نالہ ڈیک میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ملحقہ متعدد دیہات زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
نارووال میں نالہ بسنتر میں طغیانی اور پانی اوورفلو ہونے کے باعث سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ پرانا والا گائوں سمیت 7 دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔ گاوں کے گرد 4 فٹ سے زائد پانی جمع ہے جس کے باعث علاقہ مکین محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
سمبڑیال میں بھی سیلابی صورتحال ہے نالہ ایک میں طغیانی کے باعث بھوپال والا کے مقام پرسینکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی ان تمام حالات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ تاحال محض خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور تاحال کوئی خاطر خواہ انتظامات اس حوالے سے نہیں کیے جا سکے ہیں۔ سمبڑیال میں نالہ ایک میں طغیانی سے سات دیہات میں پانی داخل ہو گیا۔