سیلاب سے چاول کی 10 فیصد فصل تباہ، بر آمدات کو نقصان کا خدشہ

Rice

Rice

لاہور (جیوڈیسک) رائس ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے چاول کی 10 فی صد فصل تباہ ہو گئی، نقصان کے باعث چاول کی ملکی برآمد پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔

چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن جاوید غوری کے مطابق پنجاب میں چاول کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان مریدکے اور کامونکی کے علاقوں میں پہنچا جہاں 50 فی صد فصل سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔

پورے صوبے میں مجموعی طور پر چاول کی 10 فی صد فصل تباہ ہوئی ہے۔جاوید غوری کے مطابق صورت حال کے باعث ایکسپورٹرز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور ملکی برآمد پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔

انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نقصان کے بعد ملک میں چاول کی قیمتوں کو کسی حد تک مستحکم رکھنے کیلئے اس کی ذخیرہ اندوزی کو روکا جائے۔