سیلاب کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان میں ایمرجنسی نافذ

Flood

Flood

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان حکومت نے آئندہ چند روز میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان میں بھی فلڈ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے حکام اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کے لئے پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی صورتحال کے لئے ضروری انتظامات کرلئے ہیں، آئندہ دو روز میں تمام ضروری سامان سبی اور نصیر آباد پہنچادیا جائے گا۔

اس سلسلے میں پاک فوج کی سدرن کمانڈ، محکمہ آبپاشی اور داخلہ کے درمیان مکمل تعاون ہے جبکہ نصیر آباد اورسبی ڈویژنز کی انتظامیہ کے درمیان بھی بھر پور رابطے ہیں۔ واضح رہے کہ دریائے راوی، چناب اور جہلم کا سیلابی پانی دریائے سندھ میں مل کر 14 اور 15 ستمبر کو سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں پہنچے گا۔