سیلابی ریلا، سکھر بیراج سے ملحقہ آبادیوں کو بھی خطرات لاحق

Floods

Floods

سکھر (جیوڈیسک) دریائے سندھ میں سیلابی ریلے کے باعث سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں کے کنارے آبادی کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ، انتظامیہ کی جانب سے اعلانات کے باوجود لوگ گھر بار چھوڑنے کیلئے تیار نہیں۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ، سکھر اور گڈو بیراج کے کچے کے مزید علاقے زیر آب آگئے ۔ سکھر بیراج میں سطح بلند ہونے کی وجہ سے پانی نہروں میں چھوڑ دیا گیا ہے جس سے نہریں بھی بھر گئی ہیں اور اس کے کنارے رہنے والی آبادی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

نہروں کے کناروں پر رہنے والوں کو انتظامیہ کی جانب گھر بار چھوڑنے کے نوٹس جاری کئے گئے تاہم وہ علاقہ چھوڑنے کو تیار نہیں ۔ فلڈ سینٹر کے مطابق سکھر بیراج پر پانی کی بالائی سطح دو لاکھ 38ہزار سے تجاوز کر گئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سکھر بیراج پر پانی کی سطح میں پندرہ ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا۔

کوٹری بیراج کے لیے سکھر بیراج سے ایک لاکھ 83 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔ کوٹری بیراج پر پانی کی سطح چھیاسٹھ ہزار کیوسک سے زیادہ ہے۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اور آنیوالے دنوں میں کچے کے مزید علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔