گھوٹکی (جیوڈیسک) پنجاب میں تباہی کے بعد سیلابی ریلا سندھ میں گڈو بیراج پہنچنا شروع ہو گیا۔ گھوٹکی میں کئی دیہات زیر آب آگئے ، رحیم یار خان ، ڈیرہ غازی خان ، راجن پور اور شہر سلطان کی مزید کئی آبادیاں بھی پانی کی لپیٹ میں آگئیں۔
پنجاب میں ہزاروں دیہات ، گھروں ، فصلوں کو نیست و نابود کرتا دریائے چناب کا سیلابی ریلا سندھ میں گڈو بیراج پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔ ہیڈ پنجند پر پانی میں کمی جبکہ گڈو بیراج پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔
گڈو کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگئی ہے۔ بیراج کے قریب بڑے رقبے پر کھڑی فصلیں بھی پانی کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ اٹھہتر ہزار کیوسک اور گھوٹکی بیراج پر پانی کی آمد 50 ہزار 843 کیوسک تک جا پہنچی ہے۔
سیلابی پانی نے کچے کے درجنوں دیہات ڈبو دیئے ہیں۔ زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث سیکڑوں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ علی پور کے علاقے خان گڑھ اور شجاع آباد میں بھی سیکڑوں بستیاں پانی کی لپیٹ میں ہیں۔
دریائی کٹاؤ کے باعث شہر سلطان کے متعدد علاقے بھی سیلاب کی زد میں آگئے۔ ٹھٹھہ سیال ، مراد آباد اوربھٹہ پور سمیت مظفر گڑھ کے درجنوں علاقے بھی ڈوبے ہوئے ہیں ۔ ڈیرہ غازی خان میں شیخانی کے مقام پر شوڑیا نالے کا بند ٹوٹنے سے بھی بڑا علاقہ زیر آب آگیا۔