سیلاب متاثرین کے نام پر تاجروں اور صنعتکاروں سے رقوم لینے کا انکشاف

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے ہمسایہ اضلاع میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد امداد ی اور سیلاب متاثرین کی مدد کے کاموں کو سرکاری محکموں کے کئی افسران اور عملے نے کمائی کا ذریعہ بنا لیا۔ اس حوالے سے کئی بڑے بڑے برانڈز کے حامل گروپس اور اداروں سے نقد رقوم مانگی جارہی ہیں جبکہ کسی قسم کی کوئی رسید دینے کے بجائے اعلیٰ انتظامی افسران کے نام لئے جار ہے ہیں۔

گزشتہ تین سے چار روز کے دوران انتظامیہ کے اہلکاروں اور افسران کے ایک مخصوص ٹولے نے لوٹ مار کی انتہا کر دی جبکہ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں روپے تک مانگے جارہے ہیں اور حکم کی تعمیل نہ ہونے پر سخت قانونی کارروائی کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔فیکٹری مالکان کو ڈینگی لاروا برآمد کروانے اور بوائلر سرٹیفکیٹس کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور صنعتکاروں کیساتھ ساتھ تاجروں کو بھی کما ئی کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے تاہم انتظامیہ کے سینئر افسران کو اس بارے میں آگاہ نہیں کیا جارہا۔

ایک بڑے صنعتی گروپ کے ڈائریکٹر کے مطابق ایک نہیں بلکہ ایک سے زیادہ ادارے اس نام پر رقوم اکٹھی کر رہے ہیں اور کوئی ریکارڈ نہیں فراہم کر رہے حالانکہ صنعتی تنظیموں کی جانب سے مجموعی طور پر انفرادی حیثیت میں بھی تاجر اور صنعتکار ریلیف کاموں میں حصہ لے رہے ہیں مگر کرپٹ عناصر اس مہم کا فائدہ اٹھا کر ذاتی جیب بھرنے میں مصروف ہیں۔