سیلاب متاثرین کی امداد کا دوسرا مرحلہ 10 نومبر سے شروع ہو رہا ہے: ثریا نسیم

Flood Victims

Flood Victims

لاہور: مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ثریا نسیم نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کا دوسرا مرحلہ 10 نومبر سے شروع ہو رہا ہے جس کے تحت 11 ارب 72 کروڑ روپے پہلے مرحلے میں تقسیم کئے جائیں گے جبکہ 4 ارب 30 کروڑ روپے پہلے مرحلے میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ اس طرح 16ارب روپے متاثرین میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی پے آرڈر کے تحت کی جائے گی جس کے لئے متاثرہ اضلاع میں 59 سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ امدادی رقوم کی ادائیگی کے عمل کی مانیٹرنگ کے لئے ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔

سیلاب متاثرین کی امداد میں 50 فیصد وفاقی حکومت نے دیا ہے جس پر ہم وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر غریب متاثرین کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے 10 ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔ امدادی رقوم کے تمام مراحل کو صاف اور شفاف بنایا گیا ہے اور اس کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا گیا ہے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو اور حقدار کو اس کا حق مل سکے۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی رقوم کی ادائیگی کا عمل 15 روز میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ لوگوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔