سیلاب متاثرین کیلئے رہائشی منصوبوں کا آغاز کر رہے ہیں، مجلس وحدت مسلمین

Majlis Wahdatul Muslimeen

Majlis Wahdatul Muslimeen

راولپنڈی (جیوڈیسک) مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فائونڈیشن کے چیئر مین نثار علی فیضی نے کہا ہے کہ خیرالعمل فائونڈیشن ڈونرز اداروں کے ساتھ ملکر سیلاب متاثرین کے لیے جلد رہائشی منصوبوں کا آغاز کر رہی ہے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ مساجد، امام بارگاہوں، سکولز، ہیلتھ کلینکس اور گھروں کے جزوی نقصانات کا سروے مکمل کر لیا گیا۔

گزشتہ روز خیرالعمل فائونڈیشن کی کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈونرز اداروں سے ر ابطے کر لیے اور جلد ہی متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے ان منصوبوں پر کام شروع کر دیا جائے گا جبکہ پچھلے سیلاب کے متاثرین کے لیے ڈی آئی خان میں جاری رہائشی منصوبہ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ جسکے تحت 30 گھروں پر مشتمل کالونی مکمل کر لی جائے گی، اسکا افتتاح مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قائدین کرینگے، جھنگ میں سیلاب متاثرین کے لیے جلد ہی راشن کی ایک اور بڑی کھیپ بھیج رہی ہے

اسی طرح پنجاب میں ایک بڑی تعداد میں یتیم بچوں کی کفالت کا کام بھی شروع کر رہی ہے اس سلسلے میں ابتدائی سروے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے خواتین کو ہنر سکھانے کے لیے وکیشنل سنٹر زکے قیام کے منصوبوں پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے اور پہلے وکیشنل سنٹر کی تعمیرات شین باغ اٹک میں شروع کر دی گئی ہیں۔